وفاقی کابینہ کی وزرا پر غیر ملکی سفراء سے بلااجازت ملاقاتوں پر پابندی

govt-sfra.jpg


وفاقی کابینہ نے وزرا کی دیگر ممالک کے پاکستان میں موجود سفیروں سے بلااجازت ملاقاتوں پر پابندی لگا دی ہے، یہی نہیں وزرا کی غیر ملکی سفراء سے ملاقات کو دفتر خارجہ کے قوائد ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دفتر خارجہ کے قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بہت سے وفاقی وزرا نہ صرف دفتر خارجہ کے علم میں لائے بغیر غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتیں کرتے ہیں بلکہ ان کے نمائندگان سفارتی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں جو ملکی خارجہ پالیسی کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ خارجہ پالیسی اور دفتر خارجہ کے قوائد و ضوابط کے مطابق تمام وزرا غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتوں اور سفارتی تقریبات میں شرکت سے قبل آگاہ کرنے اور ان ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات سے متعلق ہدایات لینے کے پابند ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ایسی ملاقاتوں سے متعلق پیشگی اطلاع دی جانا لازمی ہے کیونکہ تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات کی نوعیت مختلف ہے، ان ملاقاتوں کو دفتر خارجہ کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

وفاقی کابینہ نے معاملے کی نشاندہی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزرا کو سخت ہدایات جاری کیں اور غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی، وزارت خارجہ کو وفاقی وزرا کی سفیروں سے ملاقاتوں سے متعلق اپنے قوائد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائے کی سخت احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔