ویڈیو:لائیو پرفارمنس کے دوران بھارتی گلوکار کی اسٹیج پر گر کر موت ہوگئی

edav11.jpg


بھارت کے گلوکار ایڈاوا بشیر ایک لائیو پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر گر کر ہلاک ہو گئے۔ کیرالہ میں ملیالم فلم انڈسٹری کے مقبول ترین گلوکار 78 سالہ ایڈاوا بشیر بلو ڈائمنڈ آرکسٹرا کی گولڈن جوبلی جشن پر لائیو پرفارم کر رہے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار نے پروگرام میں یسوداس کا گانا "مانا ہو تم بہت خوبصورت" گایا ، گانا ختم ہوتے ہی وہ طبیعت بگڑنے کے باعث زمین پر گر پڑے، انہیں فوری طور پر چیرتھلا کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ڈاکٹروں نے ایڈاوا بشیر کی موت کی تصدیق کر دی۔

ان کے فلمی گیت کیرالہ میں زبان زد عام ہیں لیکن وہ اپنی لائیو پرفارمنس کے لیے پورے بھارت میں شہرت رکھتے تھے۔ ایڈاوا بشیر نے 1972 میں میوزیکل اکیڈمی سے موسیقی کی تعلیم مکمل کی تھی۔ وہ کسی اکیڈمی سے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے والے چند بھارتی گلوکاروں میں سے ایک تھے۔

یاد رہے کہ اتوار ہی کے روز بھارت کے صوبے مشرقی پنجاب میں ایک مشہور گلوکار اور سیاستدان سدھو موسے والا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔