ٹی 20 ورلڈ کپ میں جب کوہلی رضوان سے بغل گیر ہوئے تو کیا بات ہوئی ؟

rizwan-111.jpg


قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دنیا کا نمبر ون کرکٹ کھلاڑی قرار دے دیا۔

پاک ٹی وی کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ میں جب ہم بھارت کے خلاف میچ کھیل رہے تھے تو ہم نے رشب پنت کے خلاف ریویو لیا تو کوہلی نے کہا کہ کیا آپ ہم سب کو 10 اوورز میں آؤٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟

وکٹ کیپر قومی بلے باز رضوان نے کہا کہاس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی دنیا میں پہلے نمبر پر ہیں، جب ہم کرکٹ کھیلتے ہیں تو ہم سب ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں۔ کھیل کے دوران ایک دوسرے سے بات ہوتی رہتی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل کے دوران ہماری حکمت عملی کا حصہ ہوتا ہے تاہم کوہلی نے مزید باتیں بھی کیں جنہیں میں دہرا نہیں سکتا لیکن صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ واقعی ایک اچھا آدمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کپتان سے میچ کے بعد جو گفتگو ہوئی وہ ذاتی ہے اور کئی بار پوچھنے کے باوجود انہوں نے کسی کو نہیں بتایا۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کی تھی، اس میچ میں رضوان اور بابراعظم نے شاندار پارٹنرشپ کے ساتھ 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پورا کرلیا تھا۔

گزشتہ برس ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔ اس سے پہلے پاکستانی ٹیم اپنے پول میچز میں کسی ٹیم سے نہیں ہاری تھی۔