پاکستان میں اومی کرون وائرس آنے کی خبر مصدقہ نہیں : این سی او سی

ncoc-pak.jpg


محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے جبکہ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے اس کی تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ یہ خبر مصدقہ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون وائرس آنے کی خبر مصدقہ نہیں ہے، کراچی کی مریضہ کو ابھی مشکوک مریض ہی کہا جا سکتا ہے۔

جب کہ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کے نجی اسپتال نے خاتون میں اومی کرون کی تصدیق کی ہے، خاتون بیرون ملک سے آئی تھیں، ان کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جارہی ہے اور کانٹیکٹ ٹریسنگ کی بھی کوشش جاری ہے۔

خاتون کی عمر 65 سال ہے تاہم انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس کیس سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کا پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، متاثرہ خاتون کے رشتے داروں اور ملنے والوں کا کورونا ٹیسٹ ہو گا۔ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویرینٹ کا ہونا ظاہر تھا، عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔