پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کیلیے منصوبے کی منظوری

pak-net11.jpg


ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت تیزترین انٹرنیٹ سروسز کے لیے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق کی زیرصدارت یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 83 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت تیزترین انٹرنیٹ سروسز کے لیے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے میجر جنرل (ر) عامر عظم باجوہ (چیئرمین پی ٹی اے)، عرفان وہاب خان (سی ای او ٹیلی نار) اور عمر ملک (ممبر ٹیلی کام) کے علاوہ متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کی ٹیم اور بورڈ ممبران کو اجلاس کے دوران 10 منصوبوں کے منظور ہونے پر سید امین الحق (وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن) نے مبارکباد دی۔

یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منظور کردہ 21 ارب مالیت کے آپٹیکل فائبر کیبل اور ہائی سپیڈ براڈبینڈ سروسز کے 10 منصوبوں کے تحت پاکستان کے چاروں صوبوں سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں کینکٹوٹی سروسز مہیا کی جائیں گے ۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن مشتاق ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) وزارت آئی ٹی و چیئرمین یو ایس بورڈ نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی قیادت میں پچھلے چار سالوں میں 79 منصوبوں کا ٹھیکہ دے کر بہترین یو ایس ایف نے بہترین کام کیا ہے۔

اس موقع پر سی ای او یو ایس ایف حارث محمودچوہدری نے موجودہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں سے 33 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ منظور کیے گئے منصوبوں میں سے 7 اعشاریہ 1 بلین روپے کے 5 پراجیکٹس ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے ہیں جن کے تحت فور جی سروسز دی جائے گی۔

ان منصوبوں سے لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، مظفر گڑھ، جام شورو، راجن پور، بارکھان، موساخیل، شیرانی اور سبی کے 262 موضعات میں رہنے والے شہریوں کو فائدہ ہو گا جبکہ 2منصوبے موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز پر ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ کے ہونگے۔ تمام منصوبوں میں سے 7 اعشاریہ 7 بلین روپے کے 3 منصوبوں کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی 187 یو سیز کو آپٹیکل فائبر کیبل سے منسلک کیا جائے گا۔

سید امین الحق (وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن) نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے ذریعے ایک بہترین کام کیا ہے۔ یہ منصوبے دوردراز علاقوں میں روزگار فراہمی، سماجی برابری، ڈیجیٹل لٹریسی اور ڈیجیٹل انفراسٹکچر کی مضبوطی کیلئے انتہائی مددگار ہوں گےاور یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ہم سمارٹ فون فار آل پالیسی وکنیکٹویٹی کے راستے پر چل پڑے ہیں اور پاکستان کی اقتصادی وسماجی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کیلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ بھی کیا۔