پاکستان کی پہلی قومی ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 فعال

911.jpg


ملک کی پہلی قومی ہیلپ لائن 911 فعال کردی گئی ہے، امکان ہے وزیراعظم عمران خان رواں ماہ ہی اس سہولت کا افتتاح کردیں گے۔

خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے ہیلپ لائن کے فعال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کالر کو صرف 911 پر کال کرنی ہوگی جو خود کار نظام کے تحت ہی متعلقہ محکمہ کو ٹرانسفر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اسلام آباد میں ہر محکمے کی الگ الگ ہیلپ لائن تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو کنفیوژن ہوتی تھی، ایمرجنسی ریسکیو سروس کی ہیلپ لائن1122 ہے، فائر بریگیڈ کی ہیلپ لائن16 ہے، پولیس ہیلپ لائن15 ہے جبکہ کووڈ 19 ہیلپ لائن1166 ہے، ایمرجنسی میں کسی شہری کو سمجھ ہی نہیں آتا کہ کون سی ہیلپ لائن کو ڈائل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ جون میں وفاقی حکومت نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے کے بعد قومی ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر فوری طور پر کام شروع بھی کردیا گیا تھا۔

منصوبے کے فوکل پرسن عادل صافی نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اس ہیلپ لائن کو شروع کرنے کیلئے ہمارے ماہرین نے امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں دستیاب ہیلپ لائنز کے ماڈلز کا جائزہ لیا۔ پاکستان میں اس ہیلپ لائن کو وزارت داخلہ کے تحت قائم کیا گیا جس کا ہیڈ آفس اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) میں قائم کیا گیا ہے،ہیلپ لائن کو چلانے کیلئے آپریٹرز بھرتی کیے جائیں گے جو این سی او سی کے سینٹرل کنٹرول روم سے کام کریں گے۔

فوکل پرسن عادل صافی کا کہنا تھا کہ اس ہیلپ لائن کے ساتھ تمام ہنگامی نمبروں کو منسلک کردیا جائے گا،شہریوں کی ایمرجنسی کالز سینٹر کنٹرول روم میں موصول ہوں گی جہاں سے انہیں فوری طور پر متعلقہ محکموں کو منتقل کردیا جائے گا، ابتدائی طور پر قومی ہیلپ لائن 4 قسم کی ہنگامی صورتحال کیلئے دستیاب ہوگی جس میں پولیس ، فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس موٹروے و ہائی وے پولیس شامل ہوں گی۔

 
Last edited by a moderator: