پاکستان کے دشمن محمد خراسانی کی ہلاکت کیسے ہوئی؟تفصیلات منظر عام

5khrasani.jpg

پاکستان کے بڑے دشمن کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر محمد خراسانی کی ہلاکت کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، تفصیلات کے مطابق محمد خراسانی کی ہلاکت سر پر کلہاڑی لگنے سے ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹی ٹی پی کے کمانڈر محمد خراسانی کی ہلاکت کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کے حلقے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،کالعدم ٹی ٹی پی کو اس بات پر تشویش ہے کہ اس کے ٹھکانوں میں گھس کر کارروائی کس طرح کی گئی۔ ذرائع کے مطابق محمد خراسانی کے بعد دیگر ٹی ٹی کے اہم کمانڈروں پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد خراسانی کی ہلاکت کے بعد ٹی ٹی پی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ٹی ٹی پی کے دیگر کمانڈرز پر بھی حملے کیے گئے لیکن کسی کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی،ٹی ٹی پی کے ننگرہار اور کنڑ میں محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں۔


محمد خراسانی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی تھی،دہشت گرد محمد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا، اور اس کا اصل نام خالد بلتی تھا، محمد خراسانی میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہا تھا۔

آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد محمد خراسانی افغانستان بھاگ گیا تھا،وہ شاہد اللہ شاہد کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کا ترجمان بنا تھا،محمد خراسانی بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، وہ ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کو متحد کرنے میں مصروف تھا،اور ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کے ساتھ مل کرپاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔