پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے لگائی گئی بندشوں کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے 25 مئی کو اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے متعدد مقامات کو سیل کردیا ہے جس سے عام عوام دربند ہوگئی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر پریشان عوام سے متعلق تفصیلات کی بھرمار ہوگئی ہے، مختلف شہروں سے اپنی منزلوں کی طرف جانے کیلئے نکلنے والے شہری پبلک ٹرانسپورٹ نا ہونے اور راستے بند ہونے کی وجہ سے پیدل خوار ہوتے نظر آرہے ہیں۔
ایسے ہی ایک شہری کی ویڈیو ٹویٹر پر سامنے آئی ہے جو اپنی بہن کی وفات کے باعث ملتان کی طرف جانے کیلے سوات سے نکلے تھے۔
شہری کا کہنا تھا کہ میں سوات سے براستہ پنڈی ملتان جارہا ہوں کیونکہ وہاں میری ہمشیرہ کا انتقال ہوگیا ہے، 6 بجے اس کا جنازہ ہے مگر میں جنازہ تک ملتان نہیں پہنچ سکتا کیونکہ مجھ سمیت تمام مسافروں کو پبلک ٹرانسپورٹ سے اتاردیا گیا ہے اور اب ہم پیدل اپنی منزل کی طرف جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں عوام کی شرکت کو روکنے کیلئے حکومت پنجاب نے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے اور جڑواں شہروں کی طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں۔
پنجاب حکومت نے صوبے کے 350 سے زائد مقامات پر موبائل فون سروس بند کرنے بھی منظور دیدی ہے۔