پنجاب میں قومی صحت کارڈ سے مطمئن افراد کی شرح کیا ہے؟

qaum1i1i1.jpg


صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت استعمال کی ان میں مطمئن افراد کی شرح 98فیصد سے بھی زائد ہے۔

تفصیلات کے مطابق یاسمین راشد نے یہ گفتگو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی اور کہا کہ آج کے دن تک 7لاکھ 63 ہزار لوگوں نے صحت کارڈ استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں سے نادرا کی جانب سے کچھ سوالات پوچھے گئے جن میں ان سے صحت کارڈ کی سہولت کو اطمینان بخش یا غیر اطمینان بخش قرار دیئے جانے پر استفسار کیا گیا۔


یاسمین راشد نے مریضوں سے پوچھے گئے سوالات بھی پڑھ کر سنائے اور کہا کہ نادرا کی جانب سے دیئے گئے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 98اعشاریہ 5 فیصد مریضوں نے صحت کارڈ کے ذریعے ملنے والی سہولیات اور مفت علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ایک بالکل نیا پروگرام ہے تو اس میں کہیں نا کہیں مسائل بھی سامنے آجاتے ہیں، ہم نے ہسپتالوں کو اس منصوبے سے منسلک کیا ہے اور ہم نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ہر ہسپتال میں صحت کارڈ کی فراہم کردہ سہولیات میسر ہوں گی، پرائیویٹ اسپتال جو سہولت فراہم کرسکتے ہیں وہ کارڈ ہولڈرز کو فراہم کرتے ہیں۔

یاسمین راشد نےکہا کہ عوام کو مکمل اور واضح آگاہی کیلئے ہم نے"نیا پاکستان قومی صحت " کے نام سے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کروائی ہے، اس یپلیکیشن کے ذریعے عوام کو نہ صرف صحت کارڈ کے پینل پر موجود ہسپتالوں کی فہرست مل جائے گی بلکہ کس ہسپتال میں کون کون سی بیماری کا علاج ہوتا ہے یہ معلومات بھی اس ایپلیکیشن کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے یاسمین راشد کی اس پریس کانفرنس کا یہ کلپ شیئر کیا اور اپنی ٹویٹ میں کہا کہ الحمداللہ 98اعشاریہ 5 فیصد کی شرح اطمینان سے پنجاب میں صحت کارڈ کا استعمال جاری ہے۔