پیمرا کی ٹی وی چینلز کو خبرنامے سےقبل پاکستان کا سیاسی نقشہ دکھانےکی ہدایت

pemra.jpg


پاکستان کے معروف انگریزی ڈیلی اخبار "ڈان" کے مطابق پیمرا (پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی) نے 3 نومبر کو ایک خط جاری کیا ہے جس کے مطابق تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کو 9 بجے کے خبرنامے سے قبل 2 سیکنڈ کیلئے پاکستان کا سیاسی نقشہ اپنی سکرین پر نشر کریں۔

5f297e440a203-1.jpg


پیمرا کے خط میں تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینل کے لائسنس ہولڈرز (نیوز اور کرنٹ افیئرز/ مقامی چینلز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ بالا سفارشات پر عمل کریں۔ جب کہ پیمرا نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کی جانب سے یہ ہدایات وزارت اطلاعات ونشریات کے 16 ستمبر کے خط کی روشنی میں جاری کی گئیں ہیں۔

جب کہ حکومت کا اس پر کہنا ہے کہ پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 5 کے تحت ایسا حکم دیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ سال 4 اگست کو ملک کے نئے سیاسی نقشے کی رونمائی کی تھی جس میں بنیادی طور پر کشمیر اور سر کریک کے تنازع پر اپنے دیرینہ موقف پر زور دیا گیا تھا۔


ایک تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے ملک کا نیا سیاسی نقشہ متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ نقشہ قومی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے اور تنازع کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے۔ یہ نقشہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے الحاق کی پہلی برسی منانے سے ایک روز قبل منظر عام پر لایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے کو ضم کر لیا تھا۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت اور کشمیریوں کو حقوق اور مراعات دی گئی تھیں۔