پیٹرول و ڈیزل مہنگا،مسافروں کیلئے پریشانی،کرایوں میں کتنا اضافہ ہو گا؟

9busfaresincrease.jpg

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں،انٹر سٹی بس سروس کے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کرنے کی تیاری کرلی گئی۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لٹر اضافے کے فیصلے کے بعد مہنگائی کا ایک نیا طوفان سراٹھانے لگا ہے۔

انٹراسٹی بس سروس ایسویس ایشن نے پیٹرول، ڈیزل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیدیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول، ڈیزل، ٹائرز، انجن آئل ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور درآمدی سامان پر ڈیوٹی بڑھنے کے باعث اخراجات کافی زیادہ ہوگئے ہیں لہذا ایسوسی ایشن کرایوں میں اضافے پر مجبور ہوچکی ہے۔

انٹراسٹی بس سروس ایسویس ایشن کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے کے بعد کراچی سےسکھر کا کرایہ ہزار روپے سے بڑھ کر 1400 روپے، کراچی سے راولپنڈی کا کرایہ 3800 سے بڑھ کر 4ہزار روپے جبکہ کراچی سے مانسہرہ سفر کرنے والے مسافروں کو 5ہزار روپے فی سواری کرایہ ادا کرنا ہوگا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق کرایوں میں اضافے کے حوالے سے تجاویز مرتب کرلی گئی ہیں جس پر حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے کا اضافہ کردیا تھا جس کا اطلاق بھی فوری طور پر کردیا گیا ہے۔