قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کے 2 پراسیکیوٹرز شہباز سہوترا اور ریاض عالم نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن، سراج درانی اور ڈاکٹر عاصم سمیت متعدد ہائی پروفائل ریفرنسز کی پیروی کرانے والے قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کے 2 پراسیکیوٹرز شہباز سہوترا اور ریاض عالم نے اپنے استعفے نیب ہیڈکوارٹر ارسال کر دیئے ہیں جس کی وجہ ذاتی مسائل کو بتایا گیا ہے اور انہوں نے استعفوں کی تصدیق بھی کر دی ہے جبکہ نیب پراسیکیوٹر ریاض عالم کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔
دونوں پراسیکیوٹرز 4 سال سے انسداد بدعنوانی کے ادارے (نیب) کراچی میں فرائض انجام دے رہے تھے اور سندھ ہائیکورٹ اور احتساب عدالتوں میں ہائی پروفائل ریفرنس کی پیروی کر رہے تھے۔
اس سے قبل دو ماہ قبل اگست میں چودھری خلیق الزماں (ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی) نے بھی لاہور کے لیگل ہیڈ آفس سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ موجودہ نظام سے خوش نہیں اس لیے نیب کے ساتھ کام کرنا مشکل ہو چکا ہے۔چوہدری خلیق الزماں – مسلم لیگ ن کے قائدین میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف اور دیگر کے خلاف مقدمات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر تھے۔
دریں اثنا سابق سابق وزیراعظم ورہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کا نظام درست کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ عدالتوں میں 6،6 سال کیسز چلتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ انصاف کا نظام چلنا چاہیے، 4 سال کی غفلت 4 ماہ میں ٹھیک نہیں کر سکتے۔
انہوں نے نیب کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ احتساب کرنے والے خود کو ملکی قانون سے بالا سمجھتے ہیں؟ سابق چیئرمین نیب عوام کو بتائیں کہ جھوٹے کیس کس کے کہنے پر بنائے گے؟ یہ معاملات ایسے نہیں چل سکتے، انہیں ایک دن حساب دینا ہو گا۔