پی آئی اےکی نااہلی، پرواز 24 عازمین حج کو چھوڑ کر سعودی عرب روانہ

6piaparwahajicjorgai.jpg

پاکستان ایئر لائنز کے عملے کی نااہلی سے سعودی عرب جانے والا طیارہ 24 عازمین کو ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ کر اڑان بھر گیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی پرواز سے حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے جانے کے خواہشمند عازمین کو طیارہ ایئر پورٹ پر ہی چھوڑ کر روانہ
ہوگیا ، عازمین پی آئی اے انتظامیہ کی نااہلی پر پھٹ پڑے۔

رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث خراب موسم کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے سعودی ایئر لائنز کے 14 عازمین بھی سعودی عرب روانہ نہیں ہوسکے، ایئر پورٹ پر رہ جانے والے عازمین نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ رات سے ایئرپورٹ پر موجود ہیں، وزارت مذہبی امور اور متعلقہ ایئر لائنز والے بات نہیں سن رہے۔

پی آئی اے کی فلائٹ 945سے سعودی عرب جانے والے عازمین کو شام 7 بجے ویزے جاری ہوئے جبکہ فلائٹ کیلئے بورڈنگ5 بجے بند ہوچکی تھی، 14 عازمین بارش میں پھنسنے کی وجہ سے ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکے۔

ترجمان پی آئی اے نے اس حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عازمین کے سعودی عرب روانہ نا ہونے کی اصل وجہ ویزوں میں تاخیر ہے،اس میں ادارےکا کوئی قصور نہیں ہے، عازمین ویزے کے اجراء میں تاخیر ہونے سے پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔