پی ایس ایل: اسٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائیوں کو میچ دیکھنے کی اجازت

psl-pak-100.jpg


پاکستان سُپر لیگ 7 (پی ایس ایل ساتویں ایڈیشن) کے دوسرے مرحلے میں 16 فروری سے اسٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کیلئے لاہور کے اسٹیڈیم میں 50 فیصد تماشائیوں کی اجازت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 فروری تک 50 فیصد گنجائش کے ساتھ میچ دکھا سکتے ہیں جبکہ 16 فروری سے پی ایس ایل میچز اسٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائی میچ دیکھ سکیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے، 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔

یاد رہے کہ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپُر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 10 فروری سے لاہور میں ہو گا۔ کراچی کے سنسنی خیز میچوں کے بعد اب ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

یاد رہے کہ کمسن بچوں نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے درخواست کی تھی کہ بچوں کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے اس حوالے سے رمیز راجہ نے ایک بچے کی درخواست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسا کیا جا سکے مگر کورونا کی صورتحال کے باعث کچھ مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں محمد رضوان کی ملتان سلطانز اور وہاب ریاض کی پشاور زلمی 10 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی۔ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔