چنگان پاکستان نے اپنی کونسی گاڑیوں کی قیمتوں میں کتنا اضافہ کردیا؟

chingan-pak.jpg


چنگان پاکستان کا ایلسون اورکاروان کی قیمتوں میں اضافہ

حکومت نے منی بجٹ میں گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا، جس کے بعد چنگان پاکستان نے موقع سےفائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف ویریئنٹس کی قیمتیں بڑھادیں،پاک سوزوکی، ٹویوٹا، ہونڈا، کِیا لکی موٹرز اور ڈی ایف ایس کے نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔

چنگان کے ڈیلر کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 15 جنوری 2022 سے ہوچکا ہے اور نئی قیمتیں 15 جنوری سے پہلے کیے گئے تمام جزوی اور مکمل ادائیگی کے آرڈرز پر بھی لاگو ہوں گی،کمپنی نے قیمتوں میں کم از کم 65 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 30 ہزار روپے بڑھائے۔

چنگان ایلسون 1.3 ایل ایم ٹی کمفرٹ کی قیمت 65 ہزار روپے اضافے کے بعد اب 24 لاکھ 80 ہزار روپے ہکی ہوگئی،چنگان ایلسون 1.5 ایل ڈی سی ٹی کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، یہ ویریئنٹ اب 27 لاکھ 40 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی،چنگان ایلسون 1.5 ڈی سی ٹی لومیئر کی قیمت میں بھی 75 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور یہ گاڑی اب 29 لاکھ 30 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔

Changan-cars-prices-increased-jan-16-2022-768x960.jpg


چنگان کاروان ایم پی وی کی قیمت 1 لاکھ 20 ہزار روپے اضافے سے 17 لاکھ 90 ہزار روپے ہوچکی،چنگان کاروان ایم پی وی پلس کی قیمت1 لاکھ 30 ہزار روپے سے بڑھ کر اب 19 لاکھ 40 ہزار روپے ہوگئی ہے،چنگان ایم 9 لوڈر پک اپ کی قیمت 15 لاکھ روپے پر برقرار ہے۔

کمپنی نے اگست میں ایلسون کے تمام ویریئنٹس کی قیمتوں میں 1لاکھ 20 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا جسے حکومتی مداخلت پر واپس لے لیا گیا تھا،نومبر میں پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے پرتقریباً تمام کمپنیوں نے شپنگ کے بڑھتے ہوئےاخراجات اور ڈالر کی قیمت میں اضافےکے بعد گاڑیاں مہنگی کردی تھیں،چنگان پاکستان نے نومبر میں قیمتوں میں 2 لاکھ 75 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا۔

چنگان کے ایک ڈیلر کے مطابق کار کمپنیوں نے حکومت کی جانب ٹیکس بڑھائے جانے کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر گاڑیاں مزید مہنگی ہوسکتی ہیں،جس سے فروخت میں بھی کمی آئے گی،کمپنی نے گزشتہ 2 مہینوں میں گاڑیوں کی قیمتوں میں 4 لاکھ 5 ہزار روپے تک بڑھائے۔

ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹرسائیکل اسمبلرز کے چیئرپرسن محمد صابر شیخ نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کیش سیلز متاثر ہو سکتی ہے، کیونکہ قیمتیں بڑھ جانے سے ان کی قوت خرید پر اثر پڑتا ہے۔