چودھری شجاعت حیسن نےوزیر اعظم عمران خان کو کس سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا؟

7chshujatkhamashwra.jpg

پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے مشیروں اور ترجمانوں کے غلط مشوروں پر محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو خبردار کر رہا ہوں کہ وہ اپنے مشیروں اور سیاسی ترجمانوں کی غلط مشوروں سے محتاط رہیں،جب بھی کوئی مشیر وزیراعظم کو مشورہ دیتاہے تو اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی بات ضرور ہوتی ہے، وہ اپنی سوچ کے مطابق چیزوں کو اچھالتے ہیں جس کی وجہ سے عمران خان کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

ق لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان کا یہ بیان کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا، میڈیا میں آ کر بولتا ہوں، اگر مجھے ہٹایا گیا توپہلے سے زیادہ خطرناک بن جاؤں گا، وزیراعظم کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان کیا گونگے بہرے ہیں جو دوسروں کو عمران خان کے خلاف بولنے دیتے ہیں۔


چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم کسی قسم کے بیان کو درستگی کیلئے کہیں تو وہ ان پڑھ مشیر فوراً عمران خان کے کان میں کہتے ہیں کہ آپ ان کے ساتھ کوئی نرم رویہ اختیار نہ کریں، اصل بات مشیروں کو پتہ ہوتی ہے لیکن وہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں کہ کس طرح وزیراعظم کو اپنے مطلب کے مطابق گائیڈ کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چوہدری شجاعت حسین نے متعدد مرتبہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے مشیروں اور ساتھیوں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔