چینی کمپنی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت کتنے ہزار سستے گھر بنائے گی؟

17chinnayapakisghr.jpg

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خالد منصور کا کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری فیز ٹو کے تحت چین 7 شعبوں میں اربوں ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کرے گا، سی پیک اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'خبر ہے' میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران 20 اجلاسوں کاانعقاد ہوا جس میں فارچیون 500 کمپنیوں کے سربراہوں سے ورچوئل ملاقاتیں ہوئیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری فیز ٹو کے تحت چین 7 شعبوں میں اربوں ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کرے گا، سی پیک اتھارٹی چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کررہی ہے، وزیر اعظم کی جانب سے باقاعدہ طور پر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی، سی پیک اتھارٹی میں ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔


انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے جانے سے پہلے 20 اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوئے، 500 سے زائد چینی کمپنیوں کے نمائندگان بھی ان اجلاسوں میں شرکت کی، وزیر اعظم نے صرف اور صرف ملکی مفاد میں ان کمپنیوں سے بات چیت کی،چین کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کیلئے اب اپروولز اور این او سیز کو آسان بنایا گیا،چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

خالد منصور کا مزید کہنا تھا کہ چین نے وزیراعظم کے اعلان کردہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں بھی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے چین کی بڑی تعمیراتی کمپنی نے نیا پاکستان کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت وہ کمپنی پاکستان مین 5 ہزار سستے گھر بنائے گی جس سے عوام کو فائدہ ہو گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان وزرا کے وفد کے ہمراہ چین کے 4 روزہ اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے، وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کی اعلیٰ قیادت ملاقاتیں کیں اور چین کے تجارتی وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور شامل تھے۔

وزیرِ اعظم نے چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، وزیرِ اعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کیں ، اس کے علاوہ وزیرِ اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔