چینی کی ایکس مل قیمت میں 55روپےکی کمی،لیکن انتطامیہ قیمت کم کرانے میں ناکام

lexra.jpg


رواں ماہ کے آغاز پر 3 نومبر کو چینی کی ایکس مل قیمت پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر گئی اور یہ مل مالکان کی جانب سے 140 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی گئی، نتیجے کے طور پر شہری 150 سے 160 روپے فی کلو میں بھی خریدنے پر مجبور تھے۔

لیکن اب چینی کی ایکس مل قیمت میں 55 روپے تک کی کمی ہو چکی ہے مگر اس کے باوجود بھی انتظامیہ پرچون سطح پر چینی کی قیمت قابو کرنے میں ناکام ہے اور ابھی تک یہ 105 سے 110 روپے کے درمیان ہی فروخت کی جا رہی ہے۔

اب حالانکہ پاکستان میں چینی کے کم سے کم ایکس ملز ریٹ 85 روپے 50 پیسے فی کلو تک ہو گئے ہیں جو لوئر سندھ کی شوگر ملوں کے ہیں۔ اپر سندھ کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ اتوار 28 نومبر کو 86 روپے فی کلو رہے۔

جب کہ جنوبی پنجاب کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 86 روپے پچاس پیسے فی کلو ریکارڈ کیے گئے۔ اسی طرح سنٹرل پنجاب کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ کی کلوزنگ 87 روپے فی کلو پر ہوئی۔ خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ اتوار کو 87 روپے 25 پیسے تک رہے۔

یاد رہے کہ جب چینی کے ریٹ بڑھ رہے تھے تو پرچون فروش اسی دن پرچون ریٹ بڑھا دیتے تھے اور ضلعی انتظامیہ مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوتی رہی لیکن اب جبکہ پچیس روز میں چینی کے ریٹس میں 55روپے تک کمی ہو گئی ہے مگر ہول سیلرز اور رٹیلرز مہنگی خریدی گئی چینی آج تک مہنگی صارفین کو مہنگی ہی دے رہے ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق اتوار کو دھمیال روڈ راولپنڈی میں پانچ پانچ کلو چینی فروخت کرنے والے دکاندار 550روپے میں پانچ کلو چینی گھریلو صارفین کو فراہم کرتے رہے۔

پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ زیادہ سے زیادہ 86/87روپے کلو ہیں، اس حساب سے پرچون میں چینی زیادہ سے زیادہ 96سے 98روپے کلو ضلعی انتظامیہ کو فروخت کرانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان ڈیلرز کو 25پیسے کلو اور ڈیلرز ہول سیلرز کو 35پیسے کلو مارجن اور ڈیڑھ روپے کلو ٹرکوں وغیرہ کے بار برداری لوڈنگ ان لوڈنگ کے اخراجات ملا کر دیتے ہیں۔ ایکس ملز ریٹ سے لیکر گلی محلے کے دکاندار تک چینی آٹھ سے دس روپے تمام اخراجات ملا کر پرچون خریداری کو ملنا ضروری ہے۔

کچھ دن پہلے تک چینی کی قیمت میں کافی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

 
Last edited by a moderator: