چین نے سب سے بڑا اور جدید جنگی بحری جہاز پاکستان کو فراہم کر دیا

Tughril1636454669-0.png


چین نے اب تک برآمد کیے گئے بحری جہازوں میں سب سے بڑا اور جدید ترین جنگی بحری جہاز پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ اقدام کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا ہے۔ یہ بحری جہاز چائنیز اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ (سی ایس ایس سی) نے تیار کیا ہے۔


یہ فریگیٹ شنگھائی میں منعقدہ پاک بحریہ کو کمشننگ تقریب میں سپرد کی گئی۔ 054A/P ٹائپ فریگیٹ کا نام PNS Tughril رکھا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی فریگیٹ ہے جو پاکستان کیلئے تیار کی گئی ہے، ٹیکنالوجی کے لحاظ سے یہ بحری جہاز جدید ترین ہے جس میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے فضا اور زیر آب فائر پاور کی زبردست صلاحیت ہے جبکہ جاسوسی اور نگرانی کیلئے بھی سازگار ہے۔

86d4732a-b6d0-4d1c-a496-a116a5578937-1024x782.jpg


اس بحری جہاز میں جدید ترین کومبیٹ مینجمنٹ اور برقی وار فیئر سسٹم نصب ہے جبکہ یہ جہاز سیلف ڈیفنس کی صلاحیت کا بھی حامل ہے۔ چائنیز کمپنی کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے یہ اب تک برآمد کردہ تمام جہازوں میں سب سے بڑا اور جدید ترین ہے۔

Jiangkai_II_Type_054A_Class_Frigate.jpg


اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کا کہنا تھا کہ اس جہاز کی کمیشننگ سے پاک چین دوستی کے ایک نئے باب کی شروعات ہوتی ہے، یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور ہر شعبے میں طاقتور ہوتی رہی ہے۔

پاکستانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ اس جہاز کے حصول سے پاک بحریہ کی سمندری چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔