ڈالر کی اونچی اڑان، شدید مندی کے بعد سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

doll1234.jpg


روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی مزید مہنگی ہو گئی جبکہ گزشتہ روز بدترین مندی کے بعد آج سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی۔

تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں روپے کی بے قدری جاری ہے اور آج پھر ڈالر 18 پیسے مہنگا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 173روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 18 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 170 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 170 روپے 66 پیسے ہو گئی ہے۔

https://twitter.com/x/status/1443523511272841217
ستمبر میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ جولائی سے ستمبر کے دوران ڈالر کی قدر میں 13 روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ بڑھ کر 173 روپے 50 پیسے ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی دیکھنے کو ملی ۔ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کا شکار رہی اور 100 انڈیکس میں 900 کے قریب پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

staa11.jpg


آج کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 532.86 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 44899.60 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری دن کے دوران کاروبار میں 1.2 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 21 کروڑ 25 لاکھ 4 ہزار 359 شیئرز کا لین دین ہوا جس سے سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔