ڈیری انڈسٹری کیلئے اچھی خبر،چینی فوڈ کمپنی کاپاکستان سے دودھ خریدنے کافیصلہ

2chianmilk.jpg

چین میں دودھ کی طلب میں اضافہ ہوا تو چین نے پاکستان کے ڈیری گروپس سے رابط کرلیا۔ چین جلد ہی پاکستان سے اعلیٰ معیار کا دودھ خریدے گا،چین کے سب سے بڑے ڈیری گروپس میں سے ایک نے پاکستانی دودھ کو درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،اس اقدام سے ملکی اقتصادی اور صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

شنگھائی میں چوتھی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں برائٹ ڈیری اینڈ فوڈ کمپنی لمیٹڈ کے اوورسیز بزنس مینیجر لی یونجی نے پاکستان کی ڈیری انڈسٹری میں دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیری مصنوعات کی پیداوار اور معیار بہترین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی بنیاد پر ڈیری تعاون کیلئے تیار ہیں،اس حوالے سے پاکستان میں بات چیت جاری ہے،چین میں صارفین کی مارکیٹ مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، لیکن صحت کا رجحان تبدیل نہیں ہو رہا ہے، ہمارے اعداد و شمار اور تجزیوں کے مطابق چین میں پنیر اور کریم کا استعمال بڑھ گیا اور مسقبل میں دنیا بھر میں دونوں اشیاء کی ڈیمانڈ مزید بڑھ جائے گی۔

https://twitter.com/x/status/1459369242835525634
لی نے بتایا کہ بچوں کے دودھ کے پاؤڈر، پاؤڈر کے بڑے پیکجز، اور مائع دودھ کے علاوہ، ہائی ویلیو ایڈڈ ڈیری مصنوعات جیسے پنیر، مکھن اور کریم کی بھی چین کی مارکیٹ میں بہت مانگ ہے،اگر صنعتی سلسلہ پاکستان میں شروع کیا جاسکتا ہے تو اس سے دونوں ممالک کی دودھ کی صنعت میں ترقی کے امکان روشن ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق چینی مارکیٹ میں ڈیری مصنوعات کی بہت زیادہ مانگ ہے،2020 میں، چین نے 3.39 ملین ٹن ڈیری مصنوعات درآمد کیں، جس میں سالانہ 10.2 فیصد اضافہ ہوا،جبکہ درآمدات کا حجم 12.4 بلین ڈالر ہے، جو سالانہ6.5 فیصد زیادہ ہے۔

2011 سے 2020 تک چین کی ڈیری درآمدات میں 12.3 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، اور یہ طلب مسلسل بڑھ رہی ہے،چین اس وقت نیوزی لینڈ،نیدرلینڈز، آسٹریلیا اور دیگر یورپی اور امریکی ممالک سے ڈیری مصنوعات درآمد کررہاہے۔