کراچی میں ہونے والے دہشت گرد بم دھماکوں کی تحقیقات کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی"را" اور متحدہ قومی موومنٹ لندن کے سلیپر سیلز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی دھماکوں کے حوالے سے قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق شہر میں ہونے والے تینوں دھماکوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں جبکہ تین دہشت گرد گروپوں نے صدر اور بولٹن مارکیٹ میں ہونے والے دھماکوں کیلئے معاونت فراہم کی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکوں کیلئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے سلیپر سیل کے ذریعے ریکی کروائی گئی، دھماکوں میں بم نصب کرنے کیلئےکالعدم تنظیم ایس آر اے کی مدد لی گئی، جس قسم کے بم دھماکوں میں استعمال کیے گئے ماضی میں ایسے بم بنانا ایک کالعدم تنظیم کا طریقہ رہا ہے۔
تجزیاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ دھماکوں کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت تجارتی علاقوں کو نشانہ بنانا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کھارادار میں ایک بم دھماکہ ہوا جس میں 1 خاتون جاں بحق جبکہ11 افراد زخمی ہوگئے تھے، اس سے کچھ روز قبل صدر کے علاقے میں دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
گزشتہ ماہ کراچی یونیورسٹی کے اندر ایک خاتون خود کش بمبار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا تھا جس کے نتیجے میں تین چینی باشندوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔