کراچی سے نومولود بچی کےاغوا کا واقعہ کا ڈراپ سین

5%DA%A9%D8%A7%D8%B1%D8%A7%DA%BE%DB%8C%D8%A8%D8%A7%DA%86%DA%BE%DB%8C%D8%A7%DA%AF%DA%BE%D9%88%D8%A7%D8%AF%D8%B1%DB%81%D8%B3%DA%86%D8%B9%D9%85%D9%86%D8%B3.jpg

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے 11 دن کی بچی کے مبینہ اغوا کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس تحقیقات کے دوران پول کھل کر سامنے آگیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر بچی کے اغوا کا ڈرامہ کرنے والی خاتون عینی بیگم کے گھر کسی بچی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی اور نا ہی نومولود بچی اس کی اپنی اولاد تھی، بلکہ عینی بیگم اپنی سہیلی کی نومولود بچی کو اپنے گھر لائی اور اور اسے اپنی بیٹی قرار دیا۔


بعد ازاں خاتون نے اس بچی کے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ بچی کو ڈاکٹر کو دکھانے کے بعد واپس آرہی تھی کہ روبی موڑ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے بچی کو چھینا اور فرار ہوگئے، پولیس نے جب خاتون کی درخواست پر تفتیش شروع کی تو نا بچی کا کوئی سراغ ملا اور نا ہی اغوا کے شواہد ،جس پر پولیس نے واقعہ کو مشکوک قرار دیدیا۔

جب پولیس تفتیش کرتے کرتے اس دائی تک پہنچی جس سے متعلق خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ڈیلوری کے فرائض سرانجام دیئے ہیں، دائی نے پولیس کو دیکھتے ہی خاتون کی ڈیلوری سے انکار کردیا جس سے پولیس کاواقعہ کے مشکوک ہونے کا شک یقین میں بدل دیا۔

پولیس نےجب عینی بیگم کی والدہ کا بیان ریکارڈ کیا تو اس نے پوری حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ نومولود بچی میری بیٹی کی اولاد نہیں ہے بلکہ کسی اور کی بیٹی ہے جسے میری بیٹی اپنے پاس لے آئی تھی، میری بیٹی نے کہا کہ ہم اس بچی کو پالتے ہیں جس پر میں نے انکار کردیا کہ ہم کسی کی اولاد کیوں پالیں، بچی کی حقیقی والدہ نے بھی اپنی بیٹی کی واپسی کا تقاضہ کیا تو ہم دونوں ماں بیٹی بچی کو جنگل اسکول کے پاس بچی کو اس کی حقیقی والدہ کے حوالے کرنے گئے تھے۔

بچی کی اس کی اصل ماں کے پاس حوالگی کے بعد عینی بیگم نے اس کے اغوا کا ڈرامہ رچادیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ عینی کا شوہر نے دوسری شادی کررکھی ہے اور وہ اپنی دوسری بیوی کے ساتھ ہی رہتا ہے، بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پہلے بچی کی پیدائش اور پھر اس کےاغوا کاجھوٹ بولا، جھوٹا دعویٰ کرنے اور پولیس کو گمراہ کرنےپر خاتون اور اس کے اہلخانہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی ہے۔