کراچی :چوری کرکے ٹرک میں اے ٹی ایم لیجانے کی پولیس نے کوشش ناکام بنادی

ATM-karachi-lahr.jpg


کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں پولیس نے نامعلوم ملزمان کی بینک کی اے ٹی ایم ٹرک میں ڈال کر لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس بروقت پہنچی تو ملزمان اے ٹی ایم فٹ پاتھ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق 8 فروری کی رات گلشنِ اقبال کے علاقے بلاک 3 میں بینک کی اے ٹی ایم بوتھ میں مشکوک افراد کی اطلاع مدد گار ون فائیو پر موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موبائل موقع پر پہنچی تو ملزمان فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم بوتھ کے باہر پڑی ملی جبکہ ایک شہ زور ٹرک بھی وہاں موجود تھا۔ ملزمان نے اے ٹی ایم بوتھ سے نکال کر شہ زور ٹرک میں ڈال کر لے جانے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے پہنچ کر واردات ناکام بنا دی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بروقت پہنچنے پر ملزمان اے ٹی ایم اور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوئے اور اس طرح انہیں اے ٹی ایم فٹ پاتھ پر چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔ پولیس نے اے ٹی ایم اور ٹرک تحویل میں لے لیا ہے، مشین کو بینک انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، گارڈ رات میں بینک کے اندر موجود ہوتا ہے، جس کا مؤقف ہے کہ اسے واردات سے متعلق علم نہیں ہوا، تاہم اس سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔