کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا،الیکشن کمیشن کا حکومت کو واضح پیغام

8ecp.jpg

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر نہ ہونے کی صورت میں وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں دے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قانون میں تبدیلی کے بعد یہ ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن اگلے تمام ضمنی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کروائے اور اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں ہو تو اس صورت میں حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈ جاری نہیں کر سکے گی کیونکہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو مانتا ہے۔


پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ووٹ خریدنے کی حال ہی میں کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں اس سے قبل سینیٹ انتخابات میں جس طرح ووٹ کی خریداری ہوئی وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت ایکشن لیا جاتا تو آج یہ صورتحال درپیش نہ ہوتی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی ہے اور اب سے حکومت انہی انتخابات کو فنڈ کر سکے گی جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد ہوں گے۔

https://twitter.com/x/status/1465687098816671756
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حکومتی دباؤ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای وی ایم کے لیے ٹینڈرز سنجیدہ ترین نوعیت کا معاملہ ہے، اس حوالے سے کمیشن پر ٹینڈرز جاری کرنے کے لئے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن ای وی ایم اور منسلک ایشوز پر 3 کمیٹیاں تشکیل دے چکا ہے جبکہ تینوں کمیٹیاں 4 ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہیں، ان کمیٹیز کی سفارشات پر کنسلٹنٹ ہائر کر کے ٹینڈرز سمیت دیگر امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یہ گڈی گڈے کا کھیل نہیں ہے جس پر کوئی دباؤ قبول کریں، میڈیا کے ذریعے دباؤ بڑھانا یا بیانات سے الیکشن کمیشن مرعوب نہیں ہوگا۔