کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 دن کی بجائے ہفتہ وار تبدیل ہونگی؟

miftah11m1.jpg

وفاقی حکومت نےاقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی 15 دن کے بجائے ہفتہ وار طے کرنے کے لیے سمری زیرغور لانے کا فیصلہ کر لیا، اس کے علاوہ پاکستان سٹیٹ آئل کے مالیاتی امور کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزنہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت آج ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔ وفاقی حکومت نےاقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی 15 دن کے بجائے ہفتہ وار طے کرنے کے لیے سمری زیرغور لانے کا فیصلہ کر لیا، اس کے علاوہ پاکستان سٹیٹ آئل کے مالیاتی امور کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے ساتھ ہی 15 اگست کو قیمتوں میں تبدیلی کے نئے طریقہ کار کی منظوری بھی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی نیشنل بینک کے لیے سمری، درآمدی یوریا کھاد کی قیمت سے متعلق سمری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی ہفتہ بعد کرنے کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی ہفتہ بعد کرنے کا فیصلہ کابینہ کی منظوری کے بعد طے پائے گا اور پاکستان سٹیٹ آئل کے مالیاتی امور بھی زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اوکٹین کی طرح تمام پٹرولیم مصنوعات کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر بھی غور شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے شاہد خاقان عباسی کی مشاورت سے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے اس حوالے سے رپورٹ مانگی تھی تاہم اس معاملے پر مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پٹرولیم کمپنیوں سمیت سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 اگست کو کمی کا اعلان متوقع ہے ۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے میں پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام ریکارڈ کیا گیا، عالمی منڈی میں آئندہ مہینوں میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی ، اس سے پاکستانی صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی تکالیف سے آگاہ ہیں، مشکل فیصلے لیتے ہوئے تیل اور بجلی پر سبسڈی واپس لی اور مجبوری میں دیگر اشیا پر ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑا لیکن اب ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔عوام کو جلد ریلیف دینگے۔

دریں اثنا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس محمد عبدالقادر کی زیر صدارت ہوا۔ قائمہ کمیٹی کو ڈی جی آئل اینڈ گیس ڈویژن نے ملک میں موجود پیٹرول اور ڈیزل کے سٹاک سے متعلق تفصیلات دیں جس کے مطابق پیٹرول کا 27 دن اور ڈیزل کا 47 دن کا سٹاک موجود ہے۔ تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس وزیر پیٹرولیم اور سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن کی عدم شرکت پر برخاست کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی 15 روز بعد کرنے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں کیا گیا تھا، اس سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی ماہانہ بنیادوں پر ہوتی تھی۔