گزشتہ4سال میں نیب کے کتنے افسران کے خلاف کارروائی ہوئی؟رپورٹ جاری

5nabrep.jpg

قومی احتساب بیورو نے خود احتسابی کی پالیسی کے تحت کیے جانے والے اقدامات پر مبنی 4 سالہ رپورٹ جاری کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں نیب کی "احتساب سب کیلئے" کی پالیسی پر عمل درآمد سے متعلق 4 سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 10 اکتوبر 2017 سے 10 اکتوبر 2021 کے 4 سال کے دوران ادارے کے 185 افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ تحقیقات شروع کی گئیں اور 18 افسران و ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 4 سال کے دوران مختلف انکوائریز کے بعد 60 اہلکاروں کو معمولی سزا سنائی گئی جبکہ 147 اہلکاروں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا، اس عرصے میں 30 اہلکاروں کو بے گناہ قرار دیا گیا جبکہ ابھی ابھی مزید 30 افسران کے خلاف محکمانہ انکوائریاں زیر سماعت ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی نافذ کی تھی اور خود احتسابی کا نظام متعارف کروایا تھا جس کے تحت یہ گزشتہ چار سالوں کی خود احتسابی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔