گلیات اتھارٹی کی ہوٹل کا ٹھیکہ وزیراعظم کےساتھی کو خلاف قانون دینےکی تردید

giliaat-khan-friend.jpg


نتھیا گلی میں ہوٹل ٹھیکے سے متعلق گلیات اتھارٹی کا بیان سامنے آگیا، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ہوٹل کا ٹھیکہ وزیراعظم کے ساتھی ممتاز مسلم کو خلاف قانون دینے کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان جی ڈی اے احسن حمید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھی، پی ٹی آئی کے دیرینہ رکن اور ڈونر کو نتھیا گلی میں لاکھوں ڈالر مالیت کے لگژری ہوٹل کی تعمیر کا ٹھیکہ ممتاز مسلم کو قانون کے مطابق دیا گیا۔

ترجمان احسن حمید کا کہنا تھا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی قانون کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے، جی ڈی اے کے بورڈ کے سربراہ ایک پرائیویٹ ممبر ہیں، پرائیویٹ و سرکاری ممبران کے علاوہ دو ایم پی اپیز بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔

احسن حمید کا مزید کہنا تھا کہ شفافیت خود احتسابی کو یقینی بنانے کیلئےاپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی بھی بورڈ میں شامل ہیں، صوبائی حکومت کا نتھیاگلی میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر سے متعلق امور میں کوئی واسطہ نہیں۔ترجمان جی ڈی اے احسن حمید نے ٹھیکے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر سے متعلق قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہار دیا، 2021 میں سب سے زیادہ بولی دہندہ فرم بیرن کو پروجیکٹ ایوارڈ کیا گیا، جی ڈی اے آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، کوئی حکومتی دباؤ نہیں تھا، قوائد میرٹ اور قانون کے مطابق پراجیکٹ ایوارڈ کیا گیا۔

ترجمان جی ڈی اے نے کہا کہ نتھیا گلی میں ہوٹل کی تعمیر کا کام جاری ہے ،4 سال میں مکمل ہوگا ، وزیراعظم عمران خان نے 5 ستمبر 2021 کو ہوٹل کا افتتاح کیا تھا۔احسن حمید کا مزید کہنا تھا جی ڈی اے نے ہوٹل کے قیام اور کانٹریکٹ ایوارڈ کرنے سے متعلقہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے، کامیاب فرم اور جی ڈی اےکے درمیان پروجیکٹ کا ایگریمنٹ 09 جون 2021 کو سائن ہوا۔

ذرائع کے مطابق سرمایہ کار ممتاز مسلم کا عراق اور کابل میں بھی ایک ایک ہوٹل ہے ، نتھیا گلی میں زیر تعمیر ہوٹل ممتاز مسلم کا تیسرا اور پاکستان میں پہلا ہوٹل ہوگا۔قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نتھیاگلی کے لاکھوں ڈالر مالیت کے لگژری ہوٹل کی تعمیر کا ٹھیکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھی اور پی ٹی آئی کے اُس دیرینہ کارکن کو ملا ہے جس کی کمپنی نے عمران خان کو چندہ دیا تھا۔

ممتاز مسلم بیرون ہوٹلز کے صدر اور مالک ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ممتاز احمد مسلم نے پی ٹی آئی کو عطیہ دیا تھا۔ممتاز مسلم اپریل 2018 میں بنی گالہ میں عمران خان سے ملے، پھر انہیں خصوصی منصوبوں کے چیئرمین کا مشیر مقرر کیا گیا۔اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ممتازمسلم نےہوٹل کا کنٹریکٹ اوپن بڈنگ سے حاصل کیا۔