گورنر سندھ کیلئے ایم کیو ایم نے وزیراعظم کو 5 نام بھجوا دیئے

1gsindhmqmqname.jpg

سندھ کیلئے نئے گورنر کے تقرر کیلئے ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہبازشریف کو 5 نام بھجوا دیئے ہیں۔ گورنر سندھ کے نام پر مسلم لیگ ن کا ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ ہوا جس کے بعد کنوینئر ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی سے مشاورت کر کے پانچ نام وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کیے ہیں۔

نجی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق رابطہ کمیٹی سے حتمی رائے لینے کے بعد ناموں کی فہرست شہباز شریف کو بھجوائی گئی ہے۔ گورنر سندھ کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے عامر خان، وسیم اختر، نسرین جلیل، کشورزہرہ اور عامر چشتی کے نام وزیراعظم کو ارسال کیے گئے ہیں۔


قبل ازیں گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم سے گورنر سندھ کے لیے نام مانگے تھے، جس پر ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے وقت مانگ لیا تھا، پہلے عامر خان، فروغ نسیم اور نسرین جلیل کے ناموں پر غور کیا جا رہا تھا۔ مگر پھر گورنر سندھ کے لیے مشاورت میں شامل فروغ نسیم نے اپنا نام خود واپس لے لیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم کی جانب سے نسرین جلیل کے نام پر حساس اداروں نے اعتراض اٹھایا تھا کیونکہ انہوں نے ماضی میں ملکی اداروں کے خلاف بھارتی ہائی کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں بھارت سے مدد طلب کی تھی۔