ہم نے بارہا سوال پوچھے مگرکسی نے کوئی جواب نہیں دیا،مرادسعید

murad-111j.jpg


رہنما تحریک انصاف مراد سعید نے کہا ہے کہ ہم نے بارہا سوال پوچھے مگرکسی نے کوئی جواب نہیں دیا، خیبرپختونخوا کے حالات اور اپنی جان و مال کی حفاظت کیلئے اب یہاں کے لوگوں کو باہر نکلنا ہوگا۔

یوٹیوب پر اپنےویڈیو پیغام میں مراد سعید نے خیبرپختونخوا کے علاقوں میں طالبان کی سرگرمیوں سے متعلق اپنی سابقہ ویڈیو کا حوالہ دیتےہوئے کہا کہ میں نے بہت سےسوالات پوچھے مگر کسی نے جواب دینا مناسب نہیں سمجھا، ابھی اگر میں کوئی سیاسی بیان دیتا تو اس کے ردعمل میں یہاں 10 ، 10 لوگ جمع ہوکر پریس کانفرنس کرتے دکھائی دیتے۔

مراد سعید نے کہا کہ چونکہ میں اپنے لوگوں کی زندگیوں، اپنے علاقے کےامن، یہاں کی خوشحالی اور عوام کی جانوں کی بات کررہا ہوں وارننگ دے رہا ہوں تو جواب میں بالکل خاموشی ہے کیونکہ یہ سب اس میں ملے ہوئے ہیں ، یہ جو کچھ خیبر پختونخوا میں ہورہا ہے یہ رجیم چینج کا دوسرا مرحلہ ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ کیا حکومت نے کسی کو بتایا کہ یہاں کے عوام کےمستقبل کے حوالے سے کیا بات ہورہی ہے؟ طالبان سے کیا مذاکرات ہوئے ہیں؟ سابقہ فاٹا کو ضم کرنے کے فیصلے کی واپسی سے متعلق کیا بات چیت ہوئی؟ اس بارے میں کسی کو کچھ نہیں بتایا گیا کیونکہ یہ شریک جرم ہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آج میں پختون عوام سے مخاطب ہوں یہا ں کے لوگ،پی ٹی آئی کے ورکرز، دوسری جماعتو ں کے ورکرز باہر نکلیں ، سیاست ہوتی رہے گی ، اس وقت اپنے علاقے، اپنی زندگیوں ،اپنے امن کیلئے باہر نکلیں جیسے دیر کےلوگ نکلے تھے ویسے آوازاٹھائیں، سوشل میڈیا استعمال کریں یا کوئی بھی دوسرا پلیٹ فارم اپنی آواز بلند کریں ۔

مراد سعید نے کہا کہ عوام حکومت سے مطالبہ کرے کہ آپ نے غلامی کرنی ہے کریں، آپ نے کسی جنگ میں شامل ہونا ہے ہوجائیں جو مرضی پالیسیاں بنائیں مگرا س کی قیمت ہماری زندگیاں نہیں ہوں گی،ہمارے علاقوں کے امن و خوشحالی نہیں ہوگی۔