یوکرین سے اب تک کتنے پاکستانی شہریوں کو باحفاظت نکالا جا چکا ہے؟

6ukaranipakisani.jpg

یوکرین میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کے بعد پاکستانی شہریوں کو نکالنے کا پروگرام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین میں پاکستانی سفیر نوئل کھوکھر نے نجی خبررساں ادارے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 1ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شہریوں کے انخلا کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے، صرف 21 پاکستانی یوکرین کے مختلف بارڈرز کے انٹری پوائنٹس پر موجود ہیں جنہیں جلد نکال لیا جائے گا۔


یوکرین میں پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ ان کے علاوہ 50 سے 60 پاکستانی ایسے ہیں جو ترنوپل کے قریب ہیں جبکہ کچھ ترنوپل پہنچ بھی چکے ہیں، ان تمام لوگوں کو اگلے ایک سے 2 روز میں یوکرین سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انخلا کا عمل تقریبا مکمل ہے، مگر پھر بھی رومانیہ ، لویو، ترنوپل اور لویو کے بارڈر پر موجود رہیں گے تاکہ اگر کوئی پاکستانی پیچھے رہ گیا ہو تو انہیں نکالنے کے بھی انتظامات کیے جائیں۔