امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان کی تعمیرنو کی زمہ داری پوری کریں،چین

9.jpg

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں سمیت عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیر نوکی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئےچین کی ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ چین، پاکستان ، روس کے وزرائے خارجہ اور ایرانی سینیئرنمائندوں نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران فریقین نے افغانستان اور خطے میں امن کے لیےکوششوں کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ افغانستان میں جامع حکومت سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔


ترجمان لیجیان ژاؤ نے امریکا اور اس کے اتحادیوں سے افغانستان کی تعمیر نو کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کو انسانی ہمدردی پر امداد فراہم کرنی چاہیے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق دوشنبے میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے افغانستان کی خودمختاری ، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے پر اتفاق کیا اور کہ کہ افغان عوام کو امن، سکون، ترقی اور خوشحالی کے حصول کا حق ہونا چاہیے۔

دوسری جانب چین نے امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے سکیورٹی سے متعلق نئے تاریخی معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’انتہائی غیر ذمہ دارانہ‘ فعل قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ علاقائی امن اور استحکام کو بری طرح متاثر کرے گا اور اس سے اسلحے کی دوڑ میں شدت آ جائے گی۔