اور کٹا کھل گیا

Ch.Tasawar.inayat

Voter (50+ posts)
اور کَٹا کُھل گیا...


سچی بات تو یہ ہے کہ مجھے بچپن سے ہی زمینداری وغیرہ کا کبھی کوئی شوق نہیں رہا ـ جبکہ میرے چچا زاد بھائی چوہدری شہزاد کی تمام دلچسپی زمینداری میں تھی لہذا اسے تمام بھینسوں کی تاریخ پیدائش، شجرہ نسب ، شادی، منگنی اور طلاق کی تواریخ زبانی یاد ہوتی تھیں ـ
مجھے تھوڑی بہت دلچسپی پڑھائی میں اور بہت ساری دلچسپی کرکٹ میں تھی ـ بدقسمتی مگر یہ تھی کہ میں کرکٹ میں بھی اوسط درجے کا کھلاڑی ہی تھاـ میرا اور چاچے اللہ دتے کا آوٹ ہونے کا دل ہی نہیں کرتا تھا،

لہٰذا ہم ٹینس کرکٹ بھی ٹیسٹ کی کرکٹ کی طرز پر کھلتے تھے ـ جب کبھی ہماری باری آ جاتی سارا پِنڈ بھی مل کر باؤلنگ کرتا رہے تو بھی ہم آؤٹ نہیں ہوتے تھے ـ

ہمارے سامنے ہاتھ جوڑے جاتے خدا کے واسطے دیے جاتے کہ" یار کبھی اونچی شاٹ بھی لگانے کی کوشش کیا کرو، تم دونوں کا خون جوش نہیں مارتا کہ دوسروں کی طرح ہم بھی چھکے لگائیں؟ "ـ ہم ان کے اکسانے میں کبھی نہیں آئے ـ

ہم نے بھی قسم کھائی تھی کہ" رسکی" شاٹ نہیں کھیلنی ـ ہم نے کبھی چھکا لگانے کی کوشش نہیں کی اور نا ہی کبھی اچھے کھلاڑی بن پائے ـ

اب آتے ہیں اصل واقعہ کی طرف

ویسے تو میں کوشش کرتا تھا کہ بھینسوں کا دودھ دھونے کے وقت ڈیرے کے پاس سے بھی نا گزروں ـ مگر غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے، مجھ سے بھی ہو گئی، ایک دن عین دودھ دھونے کے وقت میں تمام حقہ پیتے بزرگان کے درمیان بیٹھا تھا ـ

مجھے وہی بیٹھا دیکھ، والد صاحب مجھ سے مخاطب ہوئے!


"تصور وہ کوٹلے والی مج کے نیچے کَٹا تو چھوڑ زرا"


یہ بات سنتے ہی میرے اوسان خطا ہو گئے ـ میری بَلا جانے کے کوٹلے والی مج کا کٹا کونسا ہے؟ (ویسے بھی مجھے سارے کَٹے ایک ہی جیسے نظر آتے تھے، مجھے سمجھ نہیں آتی تھی کہ بندہ پہچان کیسے کر لیتا ہے کہ کونسا کَٹا کس بھینس کا فرزند ہے ـ)
یہ پوچھنے کا خطرہ میں کسی صورت مول نہیں لے سکتا تھا کہ اتنے سارے کَٹوں میں سے کوٹلے والی مج کا کَٹا کونسا ہےـ

کیونکہ اگر میں پوچھنے کی جسارت کرتا تو تمام بزرگوں نے میرا مذاق اُڑاتے ہوئے کہنا تھا کہ "حد نہیں ہوگئی زمینداروں کا مُنڈا ہو کر اسے اتنا بھی نہیں پتا کہ کس بھینس کا کونسا کٹا ہےـ
خیر میں نے لمبی سانس لی، خود کو سنبھالا اور اپنی گھبراہٹ کو چھپاتے ہوۓ بھینسوں والے حصے کی طرف چل پڑا ـ

خوش قسمتی سے ایک مج پر مجھے پورا "شک" تھا کہ یہ کوٹلے والی مج ہے ـ مگر اصل چیلنج یہ تھا کہ اتنے سار ے کَٹوں میں سے یہ کیسے پتا چلایا جائے، کہ کس کَٹے کہ والدہ محترمہ کوٹلے والی مج ہے ـ میں ابھی اسی شش و پنج میں تھا کہ مجھے خیال آیا کہ بھلے میں کَٹوں کی ماؤں کو نہیں جانتا مگر کَٹے تو یقیناً اپنی اپنی امی جان کو پہنچان لیں گے ـ

لہذا میں نے ماسٹر پلان بنایا، پلان یہ تھا کہ سب سے پہلے تمام بچوں کی تفتیش کرتا ہوں، اِن میں سے کَٹے اور کٹیاں الگ کرتا ہوں ـ والد صاحب نے کَٹا کہا ہے لہذا کٹیاں تو پہلے ہی فلٹر ہو گئیں ـ باقی بچے کَٹوں کو باری باری کھولتا ہوں اگر تو کَٹا اسی "مشکُوک" مج کی طرف رخ کر کے بھاگا تو چھوڑ دوں گا ورنہ دوبارہ باندھ کر دوسرے کَٹے کو چیک کروں گا ـ تفتیش کے نتیجے میں پتا چلا کہ تین کَٹے ہیں اور باقی کٹیاں ہیں ـ اللہ کا نام لے کر "مشن کَٹا کھول" شروع کر دیا گیا ـ

میں نے چوروں کی طرح گردونواح کا جائزہ لیا اور دھڑکتے دل ساتھ پہلا کَٹا کھولا ـ کَٹے نے کُھلتے ہی کونے میں بندھی دوسری مج کی طرف دوڑ لگانے کی کوشش کی، میں نے بجلی کی سی پھُرتی سے اسے دوبارہ باندھا اور ایک مرتبہ پھر گردونواح پر طائرانہ نظر دوڑائی، مطلع صاف ، کسی نے کچھ نہیں دیکھا تھا ـ دل ہی دل میں اللہ کا شکر ادا کیا ـ اب میں دبے پاؤں دوسرے کَٹے کی جانب چل پڑا ـ دل ہی دل میں دعا کر رہا تھا کہ یا اللہ اس سے پہلے کہ کوئی آجائے، یہی میرا مطلوبہ کَٹا ہوـ کٹے کی رسی کھولی تو کَٹا اسی مج کی طرف رخ کر کے دوڑا جس پر مجھے کوٹلے والی ہونے کا "شک" تھا ـ

کٹے کو "منزلِ مقصود" پر پہنچا کر میری جان میں جان آئی ـ کٹا بہت جوش و خروش سے دودھ پینے لگا اور کٹے کی" امی جان " اس کے سر پر پیار سے زبان پھیرنے لگی ـ میں اُدھر ہی کھڑا ہو کر والد صاحب یا ملازم کے آنے کا انتظار کرنے لگا ـ کیونکہ میں پورا یقین کر کے گھر جانا چاہتا تھا کہ وہ" مشکوک " مج کوٹلے والی تھی بھی یا نہیں ـ تھوڑی دیر ملازم بالٹی پکڑے نمودار ہوا، بھینسیں کے پاس گیا، کٹے کو واپس باندھا اور دودھ دھونے لگا ـ مجھے مشن کی کامیابی کا یقین ہوا، میں نے فاتحانہ مسکراہٹ کے ساتھ مونچھ کو تاؤ دیا اور گھر روانہ ہو گیا ـ


تحریر : ( تصور عنایت مغلیانوا لی)
 
Last edited by a moderator:

Bubber Shair

Chief Minister (5k+ posts)
جہاں تک میرا علم ہے بھینسوں میں شادی نہیں کی جاتی طلاق کا تو سوال ہی نہیں ہاں یہ ضرور ہے کہ بھینس کا مالک جس بھینسے کے سپرمز سے اپنی بھینس کی اگلی نسل چلانا چاہے اسے پورا اختیار ہوتا ہے اور بھینس بھی عموما مالک کی خواہش کے آگے انکار نہیں کرتی اور سر تسلیم خم کرتی ہے
?
 

Haha

Minister (2k+ posts)
جہاں تک میرا علم ہے بھینسوں میں شادی نہیں کی جاتی طلاق کا تو سوال ہی نہیں ہاں یہ ضرور ہے کہ بھینس کا مالک جس بھینسے کے سپرمز سے اپنی بھینس کی اگلی نسل چلانا چاہے اسے پورا اختیار ہوتا ہے اور بھینس بھی عموما مالک کی خواہش کے آگے انکار نہیں کرتی اور سر تسلیم خم کرتی ہے
?
سر جی اب زمیندار ایڈوانس ہو گئے ہیں اب تو بھینسوں کی منگنی تو کیا کورٹ میرج بھی ہوتی ہے
اور ولیمہ بھی ہوتا ہے کارڈ بھی چھپتے ہیں
 

Hunter_

MPA (400+ posts)
جہاں تک میرا علم ہے بھینسوں میں شادی نہیں کی جاتی طلاق کا تو سوال ہی نہیں ہاں یہ ضرور ہے کہ بھینس کا مالک جس بھینسے کے سپرمز سے اپنی بھینس کی اگلی نسل چلانا چاہے اسے پورا اختیار ہوتا ہے اور بھینس بھی عموما مالک کی خواہش کے آگے انکار نہیں کرتی اور سر تسلیم خم کرتی ہے
?
Aise ko to arrange marriage kehtay hain hahahahahaha