کراچی:ڈھائی سال تک سگے بھائی کی قید میں رہنے والی خاتون بازیاب،ملزم گرفتار

11.jpg


کراچی میں انسانیت سوز واقعہ، سگے بھائی کے ہاتھوں ڈھائی سال سے قید خاتون کو بازیاب کروا لیا گیا، بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عید گاہ پولیس نے اولڈ سٹی ایریا مارواڑی لین کی جنت بی بی نامی بلڈنگ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی سال سے قید خاتون کو بازیاب کرا لیا۔ ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز کے مطابق متاثرہ خاتون شاہین کو اس کے سگے بھائی اقبال احمد نےگزشتہ ڈھائی سال سے قید کر رکھا تھا جسے بازیاب کرا لیا گیا۔

ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ دوران قید ملزم نے خاتون کو تشددکا نشانہ بھی بنایا گیا، پولیس نے ملزم اقبال احمد کو گرفتارکرلیا ہے، پولیس نے ملزم کے خلاف اس کے ماموں محمد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

https://twitter.com/x/status/1439994009150238724
واضح رہے کہ حال ہی میں ایسا ہی ایک واقعے میں حجرہ شاہ مقیم کے نواحی قصبے میں زنجیروں میں جکڑ کر کمرے میں بند کی گئی خاتون کو بازیاب کرایا گیا جس کو اس کے شوہر نے زنجیروں میں جکڑ کر قید کر رکھا تھا۔

متاثرہ خاتون سمیرا بی بی نے بتایا کہ اس کی شادی7سال پہلے ذوالقرنین سے ہوئی،ایک بیٹا ہے،شوہر ذوالقرنین اکثر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔