پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کے فیصلے پر برطانوی وزیراعظم ناراض،کیا خدشہ ظاہر کیا؟

boris.jpg


انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخی کے فیصلے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سخت ناراض ہوگئے ہیں۔برطانوی خبررساں ادارے "دی ٹائمز" نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان ٹیمیں بھیجنے سے انکار کے فیصلے پر سخت ناراض ہیں۔


رپورٹ کے مطابق بورس جانسن سمجھتے ہیں کہ ایسے فیصلوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔دی ٹائمز کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخی کے بعد انگلش کرکٹ بورڈنے دورہ پاکستان کے حوالے سے وزیراعظم آفس، اور منسٹری آف کلچر سے مشاورت کی تھی تاہم اس مشاورت کے باوجود بورڈ نے پاکستان نہ جانے کا یکطرفہ فیصلہ کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کا موقف ہے کہ افغانستان سے برطانوی فوجی اور سفارتی عملے کے انخلا میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور اس پر برطانوی حکومت پاکستان کی شکرگزار بھی ہے، ایسے حالات میں پاکستان کو کرکٹ سے محروم کرنا درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر برطانوی حکومت اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر پہلے ہی فیصلے سے قطع تعلق کرچکے ہیں۔