معروف پاکستانی یونیورسٹی کا میٹرک کی بنیاد پرداخلہ دینےکا اعلان:شرائط کیا؟

uni.jpg


طالب علموں کے لئے خوشخبری، کراچی کی معروف یونیورسٹی نے میٹرک کی بنیاد پر داخلہ دینے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی: شہر قائد میں قائم نامور انجینئرنگ یونیورسٹی (این ای ڈی) نے میٹرک کی بنیاد پر طالب علموں کو داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یونیورسٹی کی جانب سے ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں رواں سال انٹر کے نتائج میں تاخیر اور طالب علموں کے سال ضائع ہونے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا نے طالبعلموں کے تعلیمی سال کو بچانے کے لیے ایڈمیشن پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت طالبعلموں کا داخلہ میٹرک کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جو طلبا انٹری ٹیسٹ میں کم سے کم پچاس فی صد نمبرز یا سیٹ ون اور ٹو کا امتحان ایک خاص اسکور کے تحت پاس کرچکے ہیں، وہ یونیورسٹی میں داخلے کے اہل ہوں گے جبکہ میرٹ لسٹ تیس فی صد میٹرک اور ستر فی صد این ای ڈی انٹری ٹیسٹ کے نمبرز کی بنیاد پر بنائی جائے گی، داخلے کے لیے کٹیگری وہی لی جائے گی جس بورڈ سے طالب علم نے میٹرک کا امتحان پاس کیا ہوگا۔

ترمیم شدہ داخلہ پالیسی کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے کامیاب طلبا کے میٹرک کے پوائنٹس میں اعشاریہ نو فی صد مارکس کی کٹوتی کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہطالب علم کا داخلہ عارضی بنیادوں پر ہوگا جبکہ کم سے کم 60 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طالبعلموں کو انجینئرنگ، آرکیٹکچر اور کمپیوٹر سائنس جیسے شعبوں میں داخلہ دیا جائے گا، اسی طرح بی ایس پروگرام کے لیے کم از کم 55 فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے۔

انٹری ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 22 سے 25 اکتوبر تک لیے جائیں گے جبکہ تعلیمی سال کا آغاز 22 نومبر سے ہوگا۔