سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں، چیف جسٹس

cjp-murad-ali-shah1.jpg


سپریم کورٹ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ آج امیدواران کے انٹرویو کئے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا، اصل مسئلہ یہ ہے یہ اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے۔

عدالت نے دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے رولز نہیں بنا سکتی۔

یاد رہے کہ درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ جس پر عدالت نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیتے ہوئے اس کام کیلئے پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔