کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ترین ویکسین تیار کر لی ، معروف کمپنی کا دعویٰ

valneva-11211.jpg


فرانس کی معروف دوا ساز کمپنی والنیوا نے کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ترین ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ ویکسین کورونا کی تمام اقسام سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسسی دواساز کمپنی والنیوا نے اپنی ویکسین کے تیسرے کامیاب ٹرائل کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ ویکسین کے ابتدائی نتائج حوصلہ کن ہیں اور یہ اینٹی باڈیز بنانے میں 95 فیصد تک کام کرتی ہے۔

کمپنی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ والنیوا ویکسین کورونا کی تمام اقسام کے خلاف مؤثر ہے، ویکسین کی وجہ سے کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے، ٹرائل کے دوران کوئی بھی مریض نہ تو وباء کا شکار ہوا اور نہ ہی کسی کو ویکسین کے برے اثرات کی وجہ سے اسپتال لے جانا پڑا۔

دواساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی کی تیار کردہ والنیوا ویکسین برطانوی ویکسین ایسٹرا زینیکا جتنی مؤثر ہے جبکہ تین کامیاب ٹرائلز کے بعد تصدیق کی گئی ہے کہ اس کے منفی اثرات باقی ویکسینز کے مقابلے نہ ہونے کے برابر ہیں۔

والنیوا کمپنی نے مزید بتایا ہے کہ اس ویکسین کا تیسرا ٹرائل اس دوران کیا گی جب برطانیہ میں کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ پھیلا ہوا تھا۔

کمپنی کیجانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ویکسین لگوانے والا کوئی بھی شخص کورونا وباء میں مبتلا نہیں ہوا جبکہ ان میں اینٹی باڈیز بننے کی گنجائش 95 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

کمپنی نے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ویکسین میں پولیو اور فلو ویکسین میں استعمال ہونے والی پرانی ٹیکنالوجی'ان ایکٹویٹ' کا استعمال کیا گیا ہے جس کے تحت ویکسین میں پہلے سے مردہ کورونا وائرس شامل ہے جو کہ انسانی جسم میں داخل ہو کر کورونا کی پیدائش کو ناکام بناتا ہے،

کمپنی نے جلد ہی برطانوی حکومت کو ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت کی درخواست دینے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے یورپین یونین کے ڈرگ ریگولیٹر ادارے کو بھی درخواست دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت رواں برس کے اختتام یا پھر 2022 کے آغاز تک امکان ہے، جبکہ یورپین یونین مارچ 2022 تک ویکسین کے استعمال کی اجازت دے گا۔