بھارتی نیوی کمانڈر سمیت 2 سابق افسران حساس معلومات چرانے پر گرفتار


بھارت میں ایک حاضر نیوی کمانڈر اور دو سابق افسران کو بحریہ کی حساس معلومات چرانے پر گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوی کے حاضر کمانڈر اور دو سابق افسران کو روسی ساختہ آبدوز سے متعلق خفیہ معلومات چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے کارروائی کرکے نیوی کے حاضر کمانڈر اور دو سابق افسران کو گرفتار کیا تاہم ان کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔

ان افسران کو بھارتی بحریہ کی اہم ترین آبدوز سے متعلق خفیہ معلومات چرائیں لیکن معلومات کے کسی غیر ملک کو فروخت کئے جانے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس ضمن میں بھارتی بحریہ کی جانب سے بیان بھی جاری کر دیا گیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ آبدوز کی انتظامی اور ٹیکنیکل معلومات کے چوری ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین نیوی کے وائس ایڈمرل اور ریئل ایڈمرل سے بھی خفیہ معلومات کی چوری کے حوالے سے سی بی آئی نے پوچھ گچھ کی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی بحری بیڑے میں اس وقت کلو کلاس قسم کی 10 آبدوزیں جبکہ 15 روایتی آبدوزیں شامل ہیں جن میں سے 2 جوہری صلاحیتوں کی حامل ہیں۔