چنگان پاکستان نے ایک بار پھر گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا

10cghan.jpg

چینی کمپنی چنگان نے پاکستان میں دیگر کار ساز کمپنیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر گاڑیوں کی نئی ایکس فیکٹری قیمتیں ڈالی ہیں جو فوری لاگو ہوں گی۔چنگان موٹرز کی جانب سے رواں سال دوسری بار قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اگست میں ایلسون ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے اضافہ کیا جو حکومتی مداخلت کے بعد واپس لے لیا گیا تھا۔

چنگان کی سیڈان گاڑی ایلسون کے 1.3 لیٹر مینوئل کی قیمت 21 لاکھ 49 ہزار روپے سے بڑھ کر 24 لاکھ 24 ہزار روپے ہو چکی ہے۔ اسی طرح اس گاڑی کے 1.5 لیٹر ڈی سی ٹی ورژن میں پونے تین لاکھ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

پہلے یہ گاڑی 23 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب تھی لیکن اب ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کی جانے والی نئی قیمتوں کے مطابق اسے خریدنے کے لیے صارف کو 26 لاکھ 74 ہزار روپے کی ایکس فیکٹری قیمت ادا کرنا ہو گی۔

ایلسون کی ٹاپ آف دی لائن 1.5 لیٹر ڈی سی ٹی لومینر کی قیمت 25 لاکھ 89 ہزار روپے سے بڑھ کر 28 لاکھ 64 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ویب سائٹ پر جاری کی جانے والی قیمتوں کے مطابق چنگان کی وین کاراوان سٹینڈرڈ میں بھی پونے تین لاکھ روپے بڑھا دیے گئے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1463940102242119688
کاروان کا بیس ویرینٹ 13 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 16 لاکھ، 74 ہزار روپے ہو چکا ہے جبکہ اس کا پلس ورژن 15 لاکھ 39 ہزار سے بڑھ کر 18 لاکھ 14 ہزار روپے ہو چکا ہے۔ چنگان ڈیلرز کہتے ہیں کہ گاڑیوں کی فروخت میں 10 سے 15 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

البتہ ان کا دعویٰ ہے کہ چنگان کی کاروں کی قیمت اب بھی دیگر کمپنیوں کی ایسے ہی فیچرز والی گاڑیوں سے کم ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بڑے کار ساز اداروں کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ کیا جاچکا ہے تاہم اس اضافے کا کچھ زیادہ اثر نہیں پڑا۔