میری تضحیک کے لئے اسکینڈلز اور جھوٹی خبریں لائی گئیں، وزیراعظم عمران خان


مال و دولت نہیں انسان کے اندرغیرت بہت ضروری ہے،مرجانے کا ڈر بھی انسان کو جدوجہد سے روکتا ہے وزیراعظم عمران خان

معروف امریکی اسکالر شیخ حمزہ یوسف کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے تھے، سیاست میں آیا تو طاقتور لوگوں نے میری کردار کشی کی لیکن آپ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، میں نے 22 سال تک جدوجہد کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے اللہ نے سب سے بڑا تحفہ ایمان کی صورت میں دیا میں نے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں اور دھچکے بھی لگے، میری تضحیک کے لئے اسکینڈلز اور جھوٹی خبریں لائی گئیں، جب میں سیاست میں آیا تو سیاست میں مافیاز بیٹھے تھے۔

کامیابی اور عزت صرف اللہ کی ذات دیتی ہے، انا کسی بھی شخص کو برباد کردیتی ہے، سچا ایمان انا پر قابو کرنا سکھاتا ہے۔ میرے نزدیک امیر وہ ہے جو اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔ دنیا میں مسائل مادیت پرستی کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، میرٹ نہ ہو تو اشرافیہ وسائل پر قابض ہوجاتی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ میں نے دو دہائی تک دنیا بھر میں کھیلوں میں حصہ لیا، میں نے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں اور دھچکے بھی لگے، زیادہ تر کھلاڑی اپنی تعلیم مکمل نہیں کرپاتے لیکن میں نے تعلیمی میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹیں، کامیابیاں اور عزت صرف اللہ کی ذات دیتی ہے، مرجانے کا ڈر بھی انسان کو جدوجہد سے روکتا ہے، آپ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو پھر آپ حالات کا بہتر تجزیہ کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مذہب کے معاملے پر کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی اور اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔ ہمارے ملک میں قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے، لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔