سیفٹی آڈٹ، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کی 9 رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

7icaoca.jpg

پاکستان سول ایو ی ایشن کے سیفٹی آڈٹ کیلئے بین الاقوامی سول ایو ی ایشن آرگنائزیشن کی 9 رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایو ی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) کی 9 رکنی آڈٹ ٹیم کی سربراہی مسٹر جونجیان کررہے ہیں، ٹیم سول ایوی ایشن لائسنسنگ، ایروڈروم اور فلائٹ اسٹینڈرڈ کے شعبوں کا آڈٹ کرے گی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق بین الاقوامی آڈٹ ٹیم فلائٹ سیفٹی سمیت دیگر ایئر ٹریفک کنٹرول کے شعبوں کا بھی جائزہ لے گی، ٹیم کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسلام آباد کے نیو اسلام آباد اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹس کا دورہ کرے گی۔

اپنے دورے کے دوران اکاؤ کی ٹیم ایئرایکسیڈنٹس کی تحقیقات کرنے والی ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ ، پی آئی اے کراچی اور اسلام آباد آفسز کا دورہ بھی کرے گی اور پی آئی اے فلائٹ سیفٹی مانیٹرنگ کی سہولیات اور انجینئرنگ کے شعبے کا جائزہ بھی لے گی۔

بین الاقوامی ٹیم کی جانب سے سیفٹی آڈٹ میں پاس ہونے کے بعد پاکستان ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت تمام دیگر ایئر لائنز پر یورپ کی پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی۔