ایوان صدر میں انتخابی اصلاحات بل پر دستخط کی تقریب میں کیا ہوا؟

alvi-sign-asd11.jpg


صدر مملکت عارف علوی نے انتخابی اصلاحات بل 2021 پر دستخط کردئیےجس کے بعد ای وی ایم مشین کا استعمال اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق باقاعدہ قانون بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ انتخابی اصلاحات بل پر دستخط کئے ، صدر مملکت کی جانب سے دستخط کے بعد انتخابی اصلاحات بل قانون بن گیا ہے۔

انتخابی اصلاحات بل پر دستخط کی تقریب سے متعلق نجی چینل نے دعویٰ کیا کہ تقریب 2 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، الیکشن کمیشن اور نادراحکام دعوت نامے ملنے کے باوجوو تقریب حلف برداری میں نہ آئے جبکہ اس تقریب میں صرف 5 وزراء نے شرکت کی۔


نجی چینل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تقریب کے دوران وزراء ایک دوسرے سے شکوے شکایتیں کرتے رہے،شفقت محمود نے اسد عمر سے شکوہ کیا کہ آج اساتذہ نے پارلیمنٹ لاجز میں ارکان کو محصور کئے رکھا، اساتذہ کو خدشہ ہے کہ وہ محلے کے کونسلر کے ماتحت آجائیں گے جس پر اسد عمر نے کہا کہ اساتذہ کو ایک اہم خدشہ پلاٹس نہ ملنے کا ہے۔

شفقت محمود نے اسد عمر سے کہا کہ آپ اس اہم شق پر ہم سے مشورہ کرلیتے جس پر اسد عمر نے کہا کہ اس میں ہماری ان پٹ شامل نہیں تھی۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان اور وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔


اس موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں بیلٹ باکس اور پریزائیڈنگ افسران غائب ہوئے، ہر حلقے میں الزام لگایا گیا کہ دھاندلی ہوئی، پچھلے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ اب اس نظام کو ٹھیک کرنے جارہے ہیں، ای وی ایم سے ووٹوں کی چوری جیسے الزامات کا خاتمہ ہوگا۔

ای وی ایم سے متعلق الیکشن کمیشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس نے گذشتہ ماہ اپوزیشن کے اعتراضات اور واک آؤٹ کے باوجود انتخابات میں رائے شماری کے لیے ای وی ایم کے استعمال کا ترمیمی بل منظور کیا، جس کے تحت سنہ 2017 کے الیکشن ایکٹ میں دو ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

پہلی یہ کہ رائے دہی کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ہوگا دوسری یہ کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق ملے گا۔ اس ترمیم کے تحت 90 لاکھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بذریعہ انٹرنیٹ ووٹ ڈالنے کا حق ملے گا