الیکشن کمیشن رانا ثنا کو نوٹس کیوں نہیں بھیج رہا ہے؟عارف حمید بھٹی کاسوال

13bhati%20sawalecprana.jpg

سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن وفاقی وزیر برائے نشریات و اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس بھیج سکتا ہے تو پھر رانا ثناء ﷲ کو نوٹس کیوں نہیں بھیج رہا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جی این این کے پروگرام" خبر ہے" میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر اعظم سواتی کو الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کا بیان دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا جاسکتا ہے تو ن لیگی رہنما رانا ثناء ﷲ کو شوکاز نوٹس جاری کیوں نہیں کیا جا رہا۔

https://twitter.com/x/status/1467872954528813071
عارف حمید بھٹی نے ن لیگی رہنما کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا ﷲ نے آئندہ الیکشن ای وی ایم پر کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کی ووٹنگ مشین کو اٹھا کر باہر پھینکنے اور آگ لگانے کی دھمکی دی، کیوں الیکشن کمیشن ان کو شوکاز نوٹس جاری نہیں کر رہا، ای وی ایم صرف الیکشن کمیشن نے رکھنی ہے وہ مشین الیکشن کمیشن کا حصہ ہوگی اس کو آگ لگانا نقصان پہنچانا الیکشن کمیشن کو نقصان پہنچانا ہے، کمیشن کے اختیارات اس وقت عدالت کے برابر ہیں تو کیوں ن لیگی رہنما کو شوکاز جاری نہیں کیا جارہا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف ہر حربہ استعمال کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن کروائے گئے تو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال کر مشینوں کو آگ لگا دیں گے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن کا 'ترجمان' اور 'آلہ کار' قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ 'چیف الیکشن کمشنر اگر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو میں انھیں دعوت دیتا ہوں وہ عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔'

دوسری جانب قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر پیسے لینے اور غیر شفاف انتخابات کروانے کے الزامات بھی لگائے تھے۔ وفاقی وزیر نے یہاں تک کہا تھا کہ ایسے ادارے کو آگ لگا دینی چاہیے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان سے اس ضمن میں ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا تھا اور انھیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔