سرگودھا:بھتہ دینے سے انکارپر خاتون کو آگ لگادی گئی

expos111.jpg


بھتہ دینے سے انکار پر سرگودھا میں اسٹال لگانے والی خاتون کو آگ لگا دی گئی، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کے منگل بازار میں بھتہ نہ دینے پر 45 سالہ خاتون کو جلا دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون منگل بازار میں اسٹال لگاتی تھیں جہاں بااثر افراد نے ان سے بھتہ طلب کیا۔خاتون کے انکار کرنے پر ملزمان نے انہیں آگ لگا دی۔


خاتون کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا،جہاں پر برن یونٹ میں اس کا علاج جاری ہے،حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون کے 7 بچے ہیں،اور اس کا شوہر غلہ منڈی میں محنت مزدوری کرتا ہے، غریب سے پریشان خاتون شوہر کا ہاتھ بٹانے کے لئے گھر سے باہر نکلی،

مجاہد کالونی میں لگائے جانے والے منگل بازار میں اسٹال لگایا لیکن ٹھیکیدار جبار، توصیف اور عابد نے خاتون سے بھتہ وصول کیا،ملزمان بار بار بھتے کے لئے تنگ کرتے اور خاتون کو اسٹال کی جگہ خالی کرنے پر مجبور کرتے رہے۔

متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بااثر افراد منگل بازار میں اسٹال لگانے کے زبردستی پیسے لیتے ہیں۔ ان کے انکار کرنے پر انہیں آگ لگائی گئی۔

تھانہ اربن ایریا پولیس نے جبار اور توصیف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی،پو لیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرگودھا میں کپڑے بیچنے والی خاتون کو آگ لگانے میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب نےاس واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1468218888403963912
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی حالت تشویشناک ہے،خاتون کے مزید بیان پر ملزمان کے خلاف دفعات شامل کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔