کورونا پھر سے سنگین صورت اختیار کرنے لگا، کراچی میں شرح 39 فیصد

omicron-122134.jpg


این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) کی جانب سے جاری کردہ نئے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 27 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 51 ہزار 236 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور اب پاکستان بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کرونا کے 752 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 39.39 فیصد ہوگئی، شہر میں ایک روز کے دوران 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ پورے صوبے سے 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 622 کیسز رپورٹ ہوئے۔


محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے 2600 سے زائد مثبت کیسز میں سے 2 ہزار 424 کا تعلق کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں کرونا وائرس سے ایک شہری کی موت ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں کورونا سے9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں تاحال صرف 460 کیسز کی جنیوم سیکوینسنگ کے بعد تصدیق ہوئی، 56 مشتبہ کیسز کی جنیوم سیکوینسنگ جاری ہے۔