ابو ظبی ائیرپورٹ پر حملہ،برینٹ کروڈ آئل7سال کی بلند ترین سطح پر

crude-ioill.jpg


ابو ظبی پر حوثی باغیوں کا حملہ، برینٹ کروڈ آئل 7 سال کی بلند ترین سطح پر

متحدہ عرب امارات میں حوثی باغیوں کی جانب سے ابو ظبی ایئر پورٹ پر حملے کے بعد برینٹ کروڈ آئل 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے،ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل 87 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا، جس کی 87 ڈالر فی بیرل سے زائد قیمت اکتوبر 2014 میں تھی،ویسٹ ٹیکسس خام تیل 85 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی سپلائی میں خلل اور طلب میں اضافہ سے قیمت بڑھ رہی ہے،کووڈ کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر خام تیل کے پروڈیسرز پیداوار میں اضافہ نہیں کر رہے،لہذا مارکیٹ میں موجودہ طلب کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے۔


واضح رہے کہ یمن میں جاری جنگ متحدہ عرب امارات تک پہنچ گئی، ابوظبی پر حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے کے نتیجے میں تیل کے پیٹرول ٹینکس پھٹنے سے ہونے والے دھماکوں میں 1 پاکستانی شہری سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

دوسری جانب نیشنل آئل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ لیبیا کی تیل کی کل پیداوار بارہ لاکھ بیلر یومیہ پر واپس آگئی ہے،جو سال کے آغاز میں ستر ہزار بیرل تک گر گئی تھا،جس نے قیمتوں میں اضافے میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔

حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات میں مزید تنصیبات پر حملے کی وارننگ دی ہے،حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا کہ ابوظبی حملے ہوائی اڈے اور تیل کی تنصیب کے قریب پانچ بیلسٹک میزائل اور کئی ڈرون داغے تھے۔

گزشتہ روز حوثی باغیوں کے حملے میں ایک پاکستانی سمیت تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے،حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے، پاکستان سفارتخانے نے اماراتی حکام سے رابطہ کرکے تفصیلات طلب کرلی ہیں،دفتر خارجہ نے شدید الفاظ میں واقعے کی مذمت کی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی،امریکا،فرانس ترکی سمیت دیگر ممالک کی جانب سے بھی حملے کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔