صوبائی وزیرمیاں محمود الرشید نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے دی

usman1i2i1131.jpg


پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ صوبائی وزیرمیاں محمود الرشید نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے دی

وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے صوبے میں 15 مئی کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جامعہ پنجاب لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ براہ راست بلدیاتی انتخاب میں ہر شہری اپنا نمائندہ خود منتخب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی بھی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا، ہماری کوشش ہے کہ مقامی حکومتوں کو با اختیار نظام دیں۔ ارکان اسمبلی کا کام قانون سازی کرنا ہوتا ہے لیکن وہ بلدیاتی نمائندوں کا کام کر رہے ہیں، ارکان اسمبلی کبھی فنڈز کے پیچھے اور کبھی ٹھیکیدار کے پیچھے ہوتے ہیں۔


وزیر بلدیات نے کہا کہ ہمارا اصل کام عوامی مسائل کا حل اور قانون سازی ہے، بلدیات کے سارے کام ارکان اسمبلی اپنے ذمے لیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی پلان مرتب کرلیا گیا ہے، اس بار ڈائریکٹ ووٹنگ ہوگی جس سے کرپشن ختم ہوگی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر انتخاب سے پہلے پانچ سال بعد لوکل گورنمنٹ کے وارڈ کو ختم کر دیتے ہیں، وارڈ کو بار بار تبدیل کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں 25 سال تک حلقہ بندیوں میں کوئی تبدیلی نہ کرے، پنجاب بڑا صوبہ ہے دو مرحلوں میں انتخابات کروائیں گے۔

بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں بلدیاتی بل پر سب کو آن بورڈ لے کر بل اسمبلی سے پاس کروائیں گے، ایکٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ رکھی ہے اگر الیکشن کمیشن اعتراض کرے تو پھر پرانے سسٹم پر الیکشن ہوگا۔