بھارتی کرکٹر کو فکسنگ کیلیے پیشکش۔۔ کتنی رقم کا کہا گیا؟

tamill12131.jpg


بھارتی تامل ناڈو پریمیئر لیگ بھی فکسرز کے نظروں میں آگئی،تفصیلات کے مطابق ایک کرکٹر کو فکسنگ کیلیے 40 لاکھ روپے کی پیشکش کا انکشاف سامنے آگیا، چیپک سپر جائلز کے 40 سالہ کرکٹر راجاگوپال ستش نے بنگلور پولیس میں اس حوالے سے رپورٹ درج کرادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 3 جنوری کو بونی آنند نے انسٹاگرام پر ان سے رابطہ کیا اور فکسنگ کے لئے 40 لاکھ روپے کی پیشکش کی، ساتھ ہی کہا کہ 2 پلیئرز نے ان کی یہ آفر قبول بھی کرلی ہے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ فکسنگ کی پیش کش کرنے والے ملزم کی گرفتاری کیلیے ایک خصوصی ٹیم تیار کرلی گئی ہے،ستش تامل ناڈو کی جانب سے رنجی ٹرافی بھی کھیل چکے جبکہ انھوں نے آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی بھی کی تھی۔

بھارت میں کرکٹ میچ فکسنگ کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، دوسال قبل بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں سراٹھانے والے فکسنگ اسکینڈل کے بعد پورے ملک میں ریجنل ٹی 20 لیگز کیخلاف کریک ڈاؤن کا دائرہ وسیع کردیا تھا،پولیس نے کرناٹکا پریمیئر لیگ میں ٹیم کے مالک اشفاق تھارا کو بنگلور سے حراست میں لے لیا تھا،ان پر غیرقانونی بیٹنگ کا الزام تھا۔