حکومت کا پنجاب کے پانچ شہروں میں اربوں کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

imrani1i1i1i11.jpg


وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بڑے شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں اربوں کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے فیصلے کے تحت یہ منصوبے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں شروع کیے جائیں گے اور ان کیلئے اربوں کے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔


وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں ا ن شہروں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی سے ممکنہ میئرز کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ فیصلہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کا بھی ایک حصہ ہے۔

اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑے شہر ملکی ترقی کے حقیقی انجن ہوتے ہیں ،ہم ان شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، دیہاتوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی میں اضافہ شہروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہروں میں رہائش، روزگار اور دیگر شہری سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مسائل کو دور کرنے کیلئے خصوصی پیکجز پر کام کو تیز کرنا ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا آغاز 15 مئی سے ہوگا جس کیلئے تحریک انصاف نے ایک مضبوط اور جامع حکمت عملی تیار کرنا شروع کردی ہے، پنجاب حکومت کو صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبوں اور ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں، منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء میں وفاقی حکومت پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔